راولپنڈی پولیس کا کریک ڈاؤن،06 ملزمان گرفتار

33

راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن منشیات سے پاک پنجاب کے تحت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ منشیات کے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر ایک مجرم کو 9 سال قید و جرمانہ کی سزا بھی سنادی گئی ۔

بدھ کو راولپنڈی کی مقامی عدالت نے مجرم عبدالرحیم کو 9 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ۔ مجرم سے 1 کلو 540 گرام چرس برآمد ہونے پر روات پولیس نے ستمبر 2023 میں گرفتار کیا تھا۔دریں اثناء راولپنڈی کے تھانہ وارث خان،صادق آباد،دھمیال پولیس نے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر کے ساڑھے 9کلو سے زائد چرس برآمد کرلی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان منشیات کے علاوہ اقدام قتل،اغواء اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات میں مطلوب ہیں تاہم منشیات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔