راولپنڈی۔25اگست (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے ۔ ترجمان پولیس کے مطابق راولپنڈی پولیس کے 4500 سے زائد افسران و اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے جبکہ ٹریفک کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے 350 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے۔
آر پی او بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے،چیف ٹریفک آفیسر ، ایس پی سکیورٹی، ڈویژنل ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے بھی خود فیلڈ میں موجود رہ کر فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر تمام افسران و اہلکاروں کو شاباش دی اور کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹس کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں راولپنڈی پولیس کا اہم کردار ہے۔ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کی جانب سے بھی راولپنڈی پولیس کے اقدامات کو سراہا گیا۔