راولپنڈی پولیس کی خاتون انسپکٹر نے نیشنل باڈی بلڈنگ فٹنس چیلنج چیمپئن شپ کے مقابلوں میں 02 گولڈ میڈلز جیت لیے

101

راولپنڈی ۔19فروری (اے پی پی):راولپنڈی پولیس کی انسپکٹر ارم خانم نے نیشنل باڈی بلڈنگ فٹنس چیلنج چیمپئن شپ کے مقابلوں میں 02 گولڈ میڈلز جیت لیے۔پولیس ترجمان کے مطابق نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کے مقابلوں میں پاکستان بھر سے مختلف ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ چیمپئن شپ کے مقابلوں کا انعقاد خیبرپختونخواہ میں کیا گیا تھا۔

مقابلوں میں شاندار کارکردگی کے مظاہرہ اور پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے انسپکٹر ارم خانم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس کے افسران نہ صرف نیشنل بلکہ انٹرنیشنل لیول پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں،پولیس افسران کو کھیلوں کے مواقع فراہم کر کے ان کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے پنجاب پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔