راولپنڈی پولیس کی ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں ،13 ملزمان گرفتار،شراب اور اسلحہ برآمد

8

راولپنڈی۔13جون (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 13 ملزمان کو گرفتار کر کے شراب و اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون نے نیوٹاؤن پولیس کو درخواست دی کہ اس کا شوہر اس پر تشدد کرتا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔ نیو ٹاؤن پولیس نے خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دریں اثناء ایک شخص نے تھانہ بنی پولیس کو درخواست دی کہ گلی سے گزرنے پر ملزم نے چھری کے وارکر کے اسے زخمی کر دیا۔ بنی پولیس نے متاثرہ شخص کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں بنی پولیس نے 06 ملزمان کو گرفتار کر کے 75لیٹر شراب برآمد کی۔ راولپنڈی پولیس نے غیرقانونی اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔