راولپنڈی۔30جون (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 13 ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ،منشیات اور شراب برآمد کر لی ۔پولیس ترجمان کے مطابق پیرودھائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپنی سابقہ منگیتر کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا،واقعہ کا مقدمہ 4 یوم قبل درج کیا گیا تھا۔
راولپنڈی پولیس نے تھانہ نصیرآباد،دھمیال،کہوٹہ کی حدود سے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے اڑھائی کلو سے زائد چرس برآمد کی۔تھانہ وارث خان،بنی اور سول لائن کے علاقوں سے چار ملزمان کو گرفتارکر کے 30 لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔دریں اثناء تھانہ مندرہ، جاتلی، روات، چکری اور کلر سیداں کی حدود سے پانچ ملزمان کو گرفتارکر کے اسلحہ برآمد کیا گیا۔