راولپنڈی۔3ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 12 ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ ،منشیات اور شراب برآمد کر لی ۔پولیس ترجمان کے مطابق صادق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوتیلی بہن پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، مدعیہ مقدمہ کے مطابق سوتیلا بھائی اس پر تشدد کرتا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا ہے، صادق آباد پولیس نے خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔
پیرودھائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا، متن مقدمہ کے مطابق زیر حراست شخص نے بچی سے زیادتی کی کوشش کی۔ تھانہ سول لائنز پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے کر 1 کلو 650 گرام چرس برآمد کی،جاتلی پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے کر 1 کلو 630 گرام چرس برآمد کر لی ۔
راولپنڈی پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 08 ملزمان کو حراست میں لے کر شراب اور اسلحہ برآمد کر لیا، زیر حراست ملزمان کے خلاف کارروائیاں تھانہ چکلالہ، ویسٹریج، رتہ امرال، گوجر خان، جاتلی اور صدربیرونی کے علاقوں میں کی گئیں۔ ڈویژنل ایس پیز کا کہنا تھا کہ منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔