21.6 C
Islamabad
جمعہ, مئی 2, 2025
ہومقومی خبریںدرآمدی و برآمدی کاروبار کے امکانات اور مواقع بارے آگاہی نشست کا...

درآمدی و برآمدی کاروبار کے امکانات اور مواقع بارے آگاہی نشست کا اہتمام

- Advertisement -

راولپنڈی۔1مئی (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز(آر سی ایس ٹی ایس آئی) اور اسمیڈا کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت چیمبر کے دفتر میں ایک آگاہی نشست کا انعقاد کیا۔ اس نشست کا مقصد نئے کاروباری افراد کو درآمدات اور برآمدات کے کاروبار کو شروع کرنے اور اس کے فروغ کے طریقوں سے آگاہ کرنا تھا جس میں اس کے امکانات اور مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔

گورڈن کالج کے فائنل سمسٹر کے طلبا اوربعض فیکلٹی اراکین جن میں سابق وائس پرنسپل پروفیسر انیس مرزا، ڈاکٹر عاصم حسین (بی ایس کوآرڈینیٹر)، پروفیسر فاروق اسلم، اور ڈاکٹر احسن ولایت شامل تھے، نے اس موقع پر بڑے جوش و جذبے سے نشست میں شرکت کی تاکہ درآمدات اور برآمدات کے کاروبار کے بنیادی مراحل کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کی جا سکیں۔

- Advertisement -

شرکا کو اس وسیع اور پرامید کاروباری شعبے میں قدم رکھنے کے لیے درکار قانونی دستاویزات اور طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اسمیڈا کی نمائندہ حنا انور جو حقوق ملکیت دانش ، ٹریڈ مارک رجسٹریشن، پیٹنٹ ڈرافٹنگ، تجارتی قوانین اور ڈبلیو ٹی او کے ضوابط جیسے شعبوں میں ماہر ہیں، نے درآمدات اور برآمدات کے کاروبار کے اہم پہلوئوں پر جامع لیکچر دیا۔ اس سیشن نے طلبا کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شرکا کو سمیڈا کی جانب سے برآمداتی مصنوعات کی تیاری اور پیداوار کے لیے دستیاب مالی سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ لیکچر کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں عملی چیلنجز اور حقیقی زندگی کے مناظر پر تفصیل سے بات چیت کی گئی، جس سے شرکا کی سوجھ بوجھ میں اضافہ ہوا۔ آر سی ایس ٹی ایس آئی کے صدر نے مہمان اسپیکر اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس سیشن کو کامیاب بنایا۔

پروفیسر انیس مرزا نے بھی آر سی ایس ٹی ایس آئی کی سیکرٹری محترمہ سطوت کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے گورڈن کالج کے طلبا کو اس معلوماتی اور مفید سیشن میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591009

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں