راولپنڈی 27جنوری (اے پی پی ) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام دو روزہ پاک قطر بزنس کانفرنس آج (28جنوری) دوہا میں شروع ہو گی ۔راولپنڈی چیمبر کے صدر ملک شاہد سلیم نے اے پی پی کو بتایاکہ بیرون ملک کاروباری مواقع کے فروغ اور ان سے استفادہ کے لیے راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام دوہا قطر میں دو روزہ ”بزنس کانفرنس “کا انعقاد رواں ماہ کی 28اور 29تاریخ کو کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک قطر بزنس کانفرنس میں فوڈ پروڈکٹس کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ جات بشمول ٹیکسٹائل ، ادویات ،الیکٹرانکس ، کیمیکل اور کنسٹرکشن انڈسٹری سے وابستہ وفود شرکت کریں گے،اس موقع پر تجارتی روابط کے فروغ کے لیے بی ٹو بی میٹنگز بھی ہوں گی ۔ملک شاہد سلیم نے کہاکہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اس طرح کی کانفرنسز کا تسلسل کے ساتھ انعقاد ازحد معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی بر آمدات کے فروغ کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش ضروری ہے جبکہ پاک قطر بزنس کانفرنس انہی کوششوں کا تسلسل ہے ۔انہوں نے بتایاکہ راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام گذشتہ برس بھی قطر میں بزنس کانفرنس منعقد کی گئی تھی جس کے خاطر خواہ نتائج بر آمد ہوئے تھے ۔