راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا شرح سود میں اضافے کے فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ

95

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے شرح سود میں اضافے کے فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ شرح سود میں اضافے سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو گا۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرثاقب رفیق نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیٹ بنک کی جانب سے شرح سود کو17فی صد کرنے کے فیصلے پر تشویش ہے کہ اضافے سے ، یہ اقدام معیشت اور برآمدات کے لیے نقصان دہ ہو گا۔یکمشت 100بنیادی پوائنٹس کے اضافے سے ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایاکاری کی حوصلہ شکنی ہو گی صنعت کاروں کو بنکوں سے مہنگے قرضے ملیں گے جس سے انڈسٹری کو مزید دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا۔

صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ مہنگائی کے باعث پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث کاروبار ی سرگرمیوں سست روی کا شکار ہیں۔اس وقت ملک سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، موجود ہ حالات میں کاروباری برادری کو سستے قرضوں کی ضرورت ہے شرح سود میں اضافے سے معاشی معاملات خراب ہو ں گے۔ صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ ایسے حالات میں جہاں روپے کی قدر میں کمی ہو اور ایندھن کی قیمتوں اضافہ ہو رہا ہو شرح سود میں اضافے سے معاشی حالات مزید گھمبیر ہوں گے انہوں نے وزیرخزانہ اور اسٹیٹ بنک سے مطالبہ کیا کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کریں۔