راولپنڈی ڈویژن میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری

125
PB 45 Quetta
PB 45 Quetta

راولپنڈی۔8فروری (اے پی پی):راولپنڈی ڈویژن میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا، راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کی 13 اور صوبائی اسمبلی کی 26 نشستوں کے لیے پولنگ جمعرات کو صبح 8 بجے شروع ہوئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عملہ کو ایک روز قبل ہی تمام انتخابی میٹریل کے ہمراہ پولنگ سٹیشنوں پر پہنچا دیا گیا تھا لہٰذا پولنگ سٹاف کو بروقت پولنگ کے آغاز کے لئے کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ ووٹنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، انتظامیہ کی جانب سے عام انتخابات 2024 کے لیے مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کے اضلاع میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ پولیس ترجمان کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور16ہزار500 سے زائد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ریجن بھر میں قومی اسمبلی کے 13 اور صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں میں 5 ہزار490پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ،

حساسیت کے لحاظ سے کیٹیگری اے کے 694، کیٹیگری بی کے 1371 اور سی کیٹیگری کے 3425 پولنگ اسٹیشنز ہیں ، ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن سید خرم علی کے مطابق صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ریجن بھر میں 2519 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں ، مرکزی کنٹرول روم سے سید خرم علی نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں جبکہ ریجنل آفس میں ایک مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے سپورٹس کمپلیکس ، لیاقت باغ میں قائم کیے گئے مرکزی کنٹرول روم میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، پاکستان آرمی، ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کے فوکل پرسن موجود ہیں۔