راولپنڈی۔30اپریل (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے عیدالاضحیٰ 2025 کے لیے بھاٹہ گراؤنڈ میں جڑواں شہروں کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا ٹھیکہ 16 کروڑ 57 لاکھ روپے میں نیلام کر دیا۔ سی ای او راولپنڈی کنٹونمنٹ کے مطابق مویشی منڈی کی نیلامی ایک شفاف اور منصفانہ طریقے سے کی گئی جس میں 24 بولی دہندگان نے حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی بولی 10 کروڑ 99 لاکھ روپے تھی، جبکہ اس سال کی نیلامی میں 5 کروڑ 50 لاکھ روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو کہ شفافیت اور بہتر منصوبہ بندی کا ثبوت ہے۔ عوامی سہولت کے لیے بڑے جانور کی انٹری فیس 3000 روپے اور چھوٹے جانور کی انٹری فیس 2000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
سی ای او نے کہا کہ منڈی میں سہولیات اور نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ خریدار اور بیوپاری دونوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590123