راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے مون سون بارشوں کے پیش نظر اپنی حدود میں موجود 29 میں سے 18 گہرے نالوں کی صفائی مکمل کر لی

25

راولپنڈی۔30جون (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) نے مون سون بارشوں کے پیش نظر اپنی حدود میں موجود 29 میں سے 18 گہرے نالوں کی صفائی مکمل کر لی ہے۔ یہ اقدام ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ آر سی بی کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد خان نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نالوں کی صفائی ایک معمول کی سرگرمی ہے تاہم مون سون کے دوران اس عمل کو تیز اور مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر صاف کیا گیا ان میں عوامی کالونی، جان کالونی، علامہ اقبال کالونی، ٹینچ بھاٹہ اور کلمہ چوک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آدڑہ، مغل آباد اور گروٹی جیسے علاقے بھی حساس قرار دیئے گئے ہیں جہاں ماضی میں شدید بارشوں کے دوران پانی گھروں میں داخل ہو گیا تھا۔ ارشد خان نے کہا کہ آر سی بی کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارشوں کے دوران نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ بچوں کو بھی ان سے دور رکھیں اور بجلی کے کھمبوں سے فاصلہ اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کا عمل باقی علاقوں میں بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ مون سون کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔