راولپنڈی۔19فروری (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن 22 نمبر روڈ، چکری روڈ، بکرا منڈی چوک، فیصل کالونی اور چکری روڈ پر کیا گیا۔ ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق آپریشن میں راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ تجاوزات کے عملے نے حصہ لیا اور ہیوی مشینری کے ذریعے سینکڑوں دکانوں کے باہر لگے غیر قانونی شیڈ اور لوہے کے لگے جنگلے مسمار کر دیئے گئے۔
کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی کے تحت انفورسمنٹ سٹاف نے سڑک پر تجاوزات ،تھڑے سرکاری اراضی پر بنے کچن، تندور، غیر قانونی بورڈز، شیڈز وغیرہ مسمار کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ تجاوزات کی سرپرستی کرنے پر تجاوزات مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دکانوں کو نوٹسسز جاری کر دیئے ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں کسی جگہ پر بھی تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔