راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے صدر بازار اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن، 10 ٹرک سامان ضبط

3

راولپنڈی۔26جون (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) کی جانب سے صدر بازار اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ سی ای او سید علی عرفان رضوی کا کہنا ہے کہ صدر میں کسی صورت تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انسدادِ تجاوزات کے اس آپریشن میں اہم تجارتی مراکز جیسے کہ حیدر روڈ، آدم جی روڈ، کشمیر روڈ، چھوٹا بازار، کیننگ روڈ، بنک روڈ اور گوالمنڈی کو شامل کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دکانوں کے باہر لگے ٹھیلے، ریڑھیاں اور سٹالز کو ہٹا کر قبضے میں لے لیا گیا جبکہ متعدد دکانوں کو قانونی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ ایڈیشنل سی ای او ارشد خان کی ہدایت پر انفورسمنٹ انچارج راجہ ندیم نے کشمیر روڈ، مٹھو خان اڈہ، ریلوے روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران صدر بازار سے 10 ٹرک سامان ضبط کیا گیا۔

اس کے علاوہ بازاروں میں بھکاریوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے اور انہیں کسی صورت بھیک مانگنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سی ای او سید علی عرفان رضوی کا کہنا ہے کہ صدر کے تمام بازاروں کو تجاوزات سے پاک رکھا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،عوامی سہولت کے پیش نظر عملے کو پہلے ہی سخت ہدایات جاری کی جا چکی ہیں تاکہ صدر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ایریا اور اہم تجارتی شاہراہوں کو تجاوزات مافیا کے لیے ’’نو گو ایریاز‘‘ قرار دے دیا گیا ہے جہاں دو شفٹوں میں عملہ مسلسل آپریشن میں مصروف عمل ہے، ان کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی بھی کی جا رہی ہے،شہریوں اور تاجر برادری کی جانب سے کنٹونمنٹ بورڈ کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔

بورڈ کا مؤقف ہے کہ اس آپریشن کا مقصد نہ صرف بازاروں کو صاف اور کشادہ بنانا ہے بلکہ عوامی سہولت کو یقینی بنانا بھی ہے۔ تمام تاجروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے کسی قسم کی تجاوزات نہ قائم کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔