راولپنڈی۔2جولائی (اے پی پی):ضلع راولپنڈی کی شاہراؤں پر ایک ماہ کے دوران 1321 ٹریفک حادثات پیش آئے جس کے نتیجہ میں 16 شہری جاں بحق اور 735 زخمی ہوئے ۔بدھ کو ریسکیو 1122 راولپنڈی کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق جون کے مہینے میں ریسکیو 1122 کو 1,321 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں مجموعی طور پر 1,506 افراد ان حادثات کا شکار ہوئے۔ایمرجنسی ریسکیو سروس راولپنڈی رینک نے تمام متاثرین کو بروقت ریسکیو سروسز فراہم کیں۔
رپورٹ کے مطابق ان روڈ ٹریفک حادثات میں 16 افراد جاں بحق، 735 شدید زخمی اور 755 معمولی زخمی ہوئے۔ریسکیو سروس راولپنڈی اوسط رسپانس ٹائم کو برقرار رکھتے ہوئے تمام حادثات پر بروقت پہنچی۔ ان ٹریفک حادثات میں زیادہ تعداد کار اور موٹر سائیکل سواروں کی ہے،1,506 ٹریفک حادثات متاثرین میں 1,273 مرد اور 233 خواتین شامل ہیں۔حادثات کی وجوہات میں تیز رفتاری، دوران ڈرائیونگ لاپرواہی، گاڑی غلط موڑنا، ٹائر کا پھٹنا اور دیگر شامل ہیں۔ان حادثات کے شکار افراد میں زیادہ افراد کی عمریں 11 سال سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ریسکیو سروس راولپنڈی ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لئے بھی کوشاں ہیں، ان حادثات میں کمی لانے کے لئے ٹریفک قوانین کی پابندی ضروری ہے۔