راولپنڈی کے حساس مقامات پر ایک ماہ کے لئے ایریل فلائنگ،ہوم پیجنگ، ڈرون کیمرہ فلانگ، کبوتر بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد

47
راولپنڈی کے حساس مقامات پر ایک ماہ کے لئے ایریل فلائنگ،ہوم پیجنگ، ڈرون کیمرہ فلانگ، کبوتر بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد

راولپنڈی ۔29مئی (اے پی پی):راولپنڈی کے حساس مقامات پر ایک ماہ کے لئے ایریل فلائنگ،ہوم پیجنگ، ڈرون کیمرہ فلائنگ، کبوتر بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان طارق کی زیر صدارت جمعرات کو ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آر ڈبلیو ایم سی،پولیس،آر ایم سی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آبادائیرپورٹ،قاسم ائیر بیس،نور خان ائیر بیس کے اردگرد پانچ کلومیٹر تک کے علاقوں میں ایریل فلائنگ،ہوم پیجنگ، ڈرون کیمرہ فلائنگ، کبوتر بازی اور پتنگ بازی پر ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 کے تحت پابندی عائدکر دی گئی ہے۔ اجلاس میں عید الاضحی کے موقع پرائر پورٹس کے ارد گرد خرم کالونی،صادق آباد، کرال چوک، ڈھوک حافظ، چاہ سلطان اور دیگر مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔

صفائی ستھرائی کے حوالے سے آر ڈبلیو ایم کے ان علاقوں میں جہاں ویسٹ ڈمپنگ ہیں عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کوفوری طور پر ہٹانے کیلئے احکامات جاری کیے گئے۔ اس سلسلے میں آر ڈبلیو ایم سی کی زیادہ ذمہ داری ہے کہ وہ عید کے دوران ان علاقوں میں جہاں کوئی بھی کسی قسم کی قربانی کی ویسٹ وغیرہ پڑی ہوں فوری ہٹائیں۔

اس کے علاوہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ارد گرد جتنے بھی علاقے ہیں ممتاز سٹی وغیرہ اور جو علاقے راولپنڈی کی حدود میں آتے ہیں ان میں بھی قبل از وقت صفائی ستھرائی کے مکمل انتظامات کئے جائیں تاکہ عید کے دوران کسی قسم کے گندگی نہ پھیلے اور اس وجہ سے پرندے وہاں پہ نہ آئیں اور فلائٹوں کو نقصان نہ پہنچائیں اسی طرح قاسم ائر بیس کے ارد گرد بھی کبوتر بازی اور پتنگ بازی کیلئے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

اس کے علاوہ کنٹونمنٹ کے علاقے میں صفائی کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔پولیس حکام کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔