لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی گالف کلب کے انعام الحق ملک نے 10واں چیف آف دی نیول سٹاف امیچورز نیٹ شیلڈ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ترجمان کے مطابق اختتامی تقریب میں وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی ، سول و عسکری شخصیات،سپانسرز اور گالفرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وائس چیف نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، اسپانسرز، میڈیا اورڈیفنس رایا گالف اینڈ کنٹری کلب کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کہا کہ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے ذریعے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، پاک بحریہ نوجوانوں کو گالف اور دیگر کھیلوں کی تربیتی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔آخر میں وائس چیف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان میں انعامات تقسیم کئے۔