راول پارک کی تزئین و آرائش، خوبصورتی میں اضافے اور مناسب دیکھ بھال کے لیے اقدامات جاری ہیں، احمد حسن رانجھا

منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ راول پارک کی تزئین و آرائش، خوبصورتی میں اضافے اور مناسب دیکھ بھال کے لیے اقدامات جاری ہیں، شہریوں کو سرسبز اور پرسکون تفریحی ماحول فراہم کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے

راولپنڈی۔12اکتوبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ راول پارک کی تزئین و آرائش، خوبصورتی میں اضافے اور مناسب دیکھ بھال کے لیے اقدامات جاری ہیں، شہریوں کو سرسبز اور پرسکون تفریحی ماحول فراہم کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ راول پارک شہریوں کے لیے ایک اہم تفریحی مقام ہے جہاں لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ وقت گزارنے، چہل قدمی کرنے اور قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔ پارک میں سبزے، پودوں اور گھاس کی مناسب دیکھ بھال کے ذریعے اس کی خوبصورتی اور دلکشی برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارکس اور گرین بیلٹس کی بہتری سے شہریوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ماحولیاتی بہتری کو بھی فروغ ملتا ہے۔ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے اور عوامی مقامات کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے سرسبز اور صاف ستھرے شہروں کے وژن کے مطابق شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کی بہتری، شجرکاری کے فروغ اور سرسبز ماحول کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔