ملتان۔ 04 اپریل (اے پی پی):ملتان تھانہ شاہ شمس پولیس نے گزشتہ ماہ جمال ٹاؤن کے علاقہ میں راہ زنی کی واردات کے دوران شہری کو بے دردی سے قتل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی پی او صادق علی نے کہا کہ 14 مارچ 2024 ء کو تھانہ شاہ شمس پولیس کو شام ساڑھے سات بجے تھانہ شاہ شمس کے علاقہ جمال ٹاؤن میں عبدالرزاق ولد فیاض احمد نامی شہری کو موٹرسائیکل سنیچنگ کے دوران پستول کے فائر سے قتل کر نے کی اطلاع موصول ہوئی تھی،نامعلوم ملزمان مقتول سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے تھے۔
وقوعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس سمیت ملتان پولیس کے سینئر افسران موقع پر پہنچے اور مقتول کے باپ فیاض احمد ولد نور محمد کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 24/573 بجرم 302/394 تھانہ شاہ شمس میں درج کیا گیا۔سی پی او ملتان صادق علی نے کہا کہ وقوعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں،ایس ایچ او تھانہ شاہ شمس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملوث ملزمان جن میں ملزم محمد جنید عرف یونس ولد حاجی صادق قوم بلوچ سکنہ جوریئہ بستی پولی والہ ڈیرہ غازی خان اور ملزم محمد مجاہد عرف شاکر ولد عباس قوم موچی سکنہ بستی نال والہ مظفر گڑھ شامل ہیں کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔
سی پی او صادق علی نے کہا کہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ تھا ،پولیس ٹیموں نے انتہائی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف تفتیش مکمل کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔اس دوران سی پی او نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کی گئی کارروائیوں میں شامل تمام پولیس افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس سے نوازا۔مزکورہ گرفتار ملزمان راہ زنی اور چوری کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔