اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیاجس کے بعد یکم ربیع الاول 26 اگست 2025 بروز منگل اور 12 ربیع الاول یعنی عید میلاد النبی ؐ ہفتہ 6 ستمبر 2025 کو منائی جائے گی۔یہ اعلان کراچی میں ہونے والے زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا جس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں محکمہ موسمیات، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔ملک بھر سے موصولہ شہادتوں اور رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے تصدیق کی کہ چاند نظر آنے کی کوئی قابل اعتماد شہادت موصول نہیں ہوئی۔
وزارت مذہبی امور اوربین المذاہب ہم آہنگی نے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلہ کی روشنی میں اعلان کیا ہے کہ ربیع الاول کاچاند نظر نہیں آیا لہذا یکم ربیع الاول 26 اگست بروز منگل کوہوگی جبکہ عید میلاالنبی 6ستمبر بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ اس حوالہ سے وزارت مذہبی امور نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔