رجب طیب ایردوان کی مدت میں توسیع کے لئے آئینی ترمیم پیش

157
President Recep Tayyip Erdogan

انقرہ۔6نومبر (اے پی پی):ترکیہ کی حکمران اے کے پارٹی (اے کے پی) کی اتحادی نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی (ایم ایچ پی) کے رہنما دولت بھوجیلی نے رجب طیب ایردوان کی مدت صدارت میں توسیع کے لئے آئینی ترمیم پیش کر دی۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے ایم ایچ پی کے قانون سازوں سے پارلیمانی تقریر میں کہا کہ صدر کو 2028 کے انتخابات میں دوبارہ حصہ لینے کی اجازت دینے کے لیے آئینی ترمیم پر غور ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ ہو جائے اور ترکیہ سیاسی اور اقتصادی استحکام حاصل کر لے تو کیا صدر کا دوبارہ انتخاب فطری اور درست نہ ہو گا۔اگر 600 نشستوں والی پارلیمنٹ میں 360 قانون ساز آئینی ترمیم کی حمایت کر دیں تو اس کے لیے ریفرنڈم کروایا جا سکتا ہے۔

قبل از وقت انتخابات کے لیے 360 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔اے کے پی اور اس کے اتحادیوں کی 321 جبکہ ڈی ای ایم کی 57 نشستیں ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال دوبارہ منتخب ہونے کے بعد صدر کے طور پر ایردوان اپنی آخری مدت پوری کر رہے ہیں جب تک کہ آئین کے مطابق پارلیمنٹ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ نہ کرے۔ انہوں نے پہلے وزیرِ اعظم اور پھر صدر کی حیثیت سے ترکیہ پر 21 سال سے زیادہ عرصے تک حکومت کی۔