رحمان بابا ایکسپریس ٹرین کا افتتاح تاریخی حیثیت رکھتاہے، شیخ رشید احمد

197
APP08-22 PESHAWAR: December 22 - Federal Minister for Railways Sheikh Rasheed talks to media persons during his visit to Cantt Railway Station. APP photo by Shaheryar Anjum

پشاور۔22دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ پشاور تا کراچی رحمان بابا تیزترین ایکسپریس ٹرین کا افتتاح تاریخی حیثیت رکھتا ہے جس کا کرایہ سب سے کم ہونے کے ساتھ ساتھ کم وقت میں کراچی پہنچے گی ، اگلے سال مزید20 نئی ٹرینیں شروع کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پشاور کینٹ ریلوے سٹیشن پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر ریلوے نے کہاکہ مجھے پختون سب سے زیادہ اچھے لگتے ہیں ان کے لئے خوشخبری ہے کہ کل ہم ایک تاریخی ٹرین کا افتتاح کرنے جارہے ہیں، پختونوں کے صوفی شاعر رحمان بابا کے نام سے ٹرین سروس شروع کررہے ہیں، رحمان بابا ٹرین کا روٹ الگ رکھا گیا ہے جس سے عوام مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ رحمان بابا ٹرین کاکرایہ 1350 روپے ہے جو دیگر ٹرینوں کی نسبت سب سے ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ ٹرین کم وقت میں کراچی پہنچے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس سروس کے اجراء کا سہرا پورے سٹاف کے سر ہے۔ انہوں نے کہاکہ رحمان بابا امن کے پیامبر تھے، پختونوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، پشاورسے کراچی تک نئے ٹریک کیلئے آئندہ سال مارچ سے پہلے معاہدہ کرینگے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے ریلوے ٹریک کا ڈھانچہ تبدیل کرنے لگے ہیں تاکہ عوام کو تبدیلی کا پتہ چلے، کمیشنوں پر پیسے لگانا تبدیلی نہیں ، رحمان بابا ٹرین اور تمام ٹرینوں کی خود مانیٹرنگ کریںگے۔ وزیر ریلوے نے کہاکہ موجودہ وفاقی حکومت نوجوانوں کو روزگارکے نئے مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے ، معیشت کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال سے بیس نئی ٹرینیں شروع کریں گے جبکہ تین سیاحتی ٹرینیں بھی شروع کرنے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ درگئی کا سوچ رہے ہیں وہاں زیادہ سواری ہے ، وہاں سے ٹرین چلے گی تو پاکستان کی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ انگریز جو ٹریک چھوڑ کرگیا تھا اس میں کمی آئی ہے اور اضافہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس وسائل کی کمی اور لٹا پٹا خزانہ ملا ہے ، اربوں روپے کا خسارہ ہے لیکن ہم نے آگے جانا ہے ۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہاکہ میں پاکستان کا سب سے باخبرسیاستدان ہوں میں نے جو پیشن گوئی کی ہے اسے غلط ثابت کریں تو سیاست ہلاکر رکھ دونگا ۔انہوں نے کہاکہ یہاں صرف غریب کوسزا ملتی ہے سیاستدان توہسپتال چلے جاتے ہیں ملک کولوٹنے والے معزز اور جسکی چھت ٹپکتی ہے وہ چور ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریمانڈکے دوران پروڈکشن آرڈرکی کوئی مثال نہیں ملتی ۔