رحمت اللعالمین اتھارٹی ترجیحی بنیادوں پر سیرتِ طیبہ کے عملی زندگی پر اطلاق میں معاونت کرے گی،وزیر اعظم عمران خان

137
رحمت اللعالمین اتھارٹی ترجیحی بنیادوں پر سیرتِ طیبہ کے عملی زندگی پر اطلاق میں معاونت کرے گی،وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی ترجیحی بنیادوں پر سیرتِ طیبہ کے عملی زندگی پر اطلاق میں معاونت کرے گی،اتھارٹی کا مقصد نوجوانوں کو سیرت کے حوالے سے آگاہی دینا ہے تاکہ وہ اس پر عمل کر سکیں،اتھارٹی سیرتِ طیبہ کے حوالے سے معاشرے میں موجود خلاء کی نشاندہی کرکے تحقیق سے عملی زندگی کے مسائل کا حل ڈھونڈنے میں معاونت کرے گی۔

جمعہ کووزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نیشنل رحمت اللعالمین اتھارٹی کے بین الاقوامی ایڈوائزی بورڈ کا پہلا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔اجلاس کو اتھارٹی کے قلیل المدتی اور طویل المدتی لائحہ عمل کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی،اسکے علاوہ اقدامات پر اب تک کی پیش رفت، سیرتِ طیبہ کے پہلوؤں کو نصاب میں شامل کرنے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو اتھارٹی کی پہلی بین الاقوامی تقریب کے حوالے سے تجاویز بھی دی گئیں۔وزیرِ اعظم نے اقدامات پر عملدرآمد کو تیز کرکے ان کا اطلاق معینہ مدت میں کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں چیئرمین نیشنل رحمت اللعالمین اتھارٹی پروفیسر اعجاز اکرم، ڈاکٹر انیس احمد، ڈاکٹر خالد مسعود اور متعلقہ افسران کی شرکت. ڈاکٹر عطاء الرحمن، ڈاکٹر جوزف لمبارڈ، ڈاکٹر عثمان بکر، بیرسٹر ندرت ماجد اور ڈاکٹر باسط کوشل نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔