اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رحمۃ اللعالمینﷺ سکالرشپ پروگرام کا اجرا کر دیا ہے جس سے اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔
جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں مراد سعید نے کہا کہ یہ سکالرشپ پروگرام اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع کی فراہمی کی جانب ایک سنگ میل ہے۔ انہوں نے ا س حوالہ سے اعداد و شمار بھی ٹویٹر پر شیئر کئے جس میں بتایا گیا ہے کہ 9 فیصد کی قومی اوسط کے برعکس اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کم آمدن والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے محض 0.4 فیصد طلبا اندراج شدہ ہیں،
موجودہ تعلیمی سال میں وزیراعظم کے رحمۃ اللعالمین ﷺ سکالرشپ پروگرام کے تحت 129 سرکاری شعبہ کی یونیورسٹیوں میں 69 ہزار تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے۔ اسی پروگرام کے تحت چار سالہ انڈرگریجویٹس سکالرشپ پروگرام بھی شامل ہے جس سے طلبا وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم اور روزگار کے حصول سے محروم نہیں رہیں گے اور وسائل کی کمی کسی بھی نوجوان کی تعلیم اور روزگار کے حصول میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔