رحیم یارخان ۔ 18 اپریل (اے پی پی):برگیڈئیر (ر) بابر علاؤ الدین نے شیخ زید ہسپتال کے ایمرجنسی سمیت دیگر وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو دستیاب سہولیات اور مریضوں کے علاج کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور تیمارداروں سے ڈاکٹرز، ادویات کی دستیابی بارے معلومات بھی حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کی جانب سے ہسپتالوں کے سرپرائز وزٹ سے حالات میں بہتری آئی ہے اور میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ کے تمام اضلاع کے دورے کر رہا ہوں اور اس دوران سرکاری ہسپتالوں کی خصوصی طور پر انسپکشن کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے ہسپتال کے پیڈز، سرجیکل، ٹراما، میڈیکل وارڈز میں بھی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ہسپتال میں وی ویمپنگ کے کاموں کو جلد مکمل کرنے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پر تمام شہروں و دیہی علاقوں میں موجود سرکاری طبی سہولیات کو بہتر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کے مریضوں کو ایمرجنسی میں مفت ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایاجائے۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کے تعاون سے مکمل ہونے والے کارڈیک وارڈ میں دستیاب سہولیات کو بھی خوب سراہا۔
چیئرپرسن برگیڈئیر(ر) بابر علاؤ الدین نے خدمت مرکز کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو ایک ہی چھت تلے فراہم کی جانے والی متعدد سہولیات کا جائزہ لیا۔ ای خدمت مرکز میں 18وفاقی و صوبائی محکموں کی162سے زائد سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔برگیڈئیر (ر) بابر علاؤ الدین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عوامی فلاح و بہبود کی خدمت میں کوئی کسر اٹھانہ رکھے ہوئے ہیں۔
حکومتی اقدامات کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ای خدمت مرکز کا قیام حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے جس کی بدولت ایک ہی چھت تلے عوام کو وفاقی اور صوبائی محکموں کی متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے ای خدمت مرکز کے طریقہ کار اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو خوب سرابا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584135