رحیم یارخان میں چار روزہ فری آئی کیمپ کا افتتاح ، 500سے زائد مریضوں کے مفت آپریشن کئے جائیں گے

104

رحیم یارخان۔19نومبر (اے پی پی):رحیم یارخان میں چار روزہ فری آئی کیمپ کا افتتاح کردیا گیا ، 500سے زائد مریضوں کے جدیدطریقہ علاج فیکو سے آنکھوں کے آپریشن کئے جائیں گے ۔مریضوں کو مفت ادویات اورکھانا بھی مہیا کیا جارہا ہے ،تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے آئے ڈاکٹر محمداشرف نون اورڈاکٹر محمدصدیق چوہدری کی زیرسرپرستی گلشن اقبال میں چار روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ فری آئی کیمپ کا افتتاح سابق ایم پی اے چوہدری محمدشفیق نے کیا جس کے لئے خصوصی تعاون سابق ایگزیکٹو ممبرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری چوہدری شفیق الرحمٰن، گورنمنٹ کنٹریکٹر چوہدری شاہد جمیل، چوہدری طلحہ محمدرفیق،صدرڈسٹرکٹ پریس کلب قیصرغفورچوہدری نے کیا، اس مو قع پر سابق سینئرنائب صدر چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری چوہدری شوکت حیات، سٹی صدر انجمن تاجران چوہدری عظمان اصغر بھی مو جود تھے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب سے آئے ہوئے ای این ٹی سپیشلسٹ ایچ اوڈی دمام ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمداشرف نون اورپروفیسر ڈاکٹر محمدصدیق چوہدری نے کہاکہ اس کار خیر کا آغاز ہم نے 2009ء میں کیا تھا سعودی عرب میں ہماری ڈاکٹرز کی ایک تنظیم ہے جو اپنی زکوٰۃ کی رقم سے پاکستان کے مختلف شہروں میں فری آئی کیمپ لگاکر مستحقین اورغریب لوگوں کی آنکھوں کے فری آپریشن کرتی ہے اورمفت ادویات دیتی ہے، رحیم یارخان میں اس سے پہلے ہم متعدد بار کیمپ لگاچکے ہیں اب تک ہم 8ہزار مریضوں کے فری آپریشن کرچکے ہیں اوریہ صدقہ جاریہ ہے،اس سے قبل بالاکوٹ آزاد کشمیر میں فری کیمپ لگا چکے ہیں ایک سال کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں ہم فری آئی کیمپ لگاتے ہیں جہاں مستحق مریض استفادہ حاصل کرتے ہیں۔

اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری محمدشفیق نے کہاکہ کارخیر کے کاموں میں ہرصاحب حیثیت کو حصہ لینا چاہیے اگرامیرلوگ اپنی زکوٰۃ صحیح طریقہ سے ادا کریں تو پاکستان میں کوئی آدمی غریب نہیں رہیگا اورنہ ہی کوئی علاج سے محروم ہوگا۔انہوں نے ڈاکٹرمحمداشرف نون اورڈاکٹرمحمدصدیق چوہدری کے اس نیک کام کی تعریف کی اوراسے ایک نعمت قراردیا۔ اس موقع پرچوہدری شفیق الر حمٰن، چوہدری حمزہ شفیق، چوہدری شاہد جمیل اورچوہدری طلحہ محمدرفیق کی جانب سے مریضوں کے لیےکھانے کا اہتمام کیا گیا۔ماہرڈاکٹرز نے پہلے دن 75مریضوں کے مفت فیکوآپریشن کئے، چارروزہ فری آئی کیمپ میں 5سوسے زائد مریضوں کے مفت آپریشن کئے جائیں گے۔مریضوں کی بڑی تعداد نے ڈاکٹر محمداشرف نون، ڈاکٹرمحمدصدیق چوہدری اورچوہدری شفیق الرحمٰن سے اظہار تشکر کیا۔