رحیم یار خان ۔ 15 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان خرم پرویز کی زیر صدارت ضلعی انسداد منشیات کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں منشیات کی روک تھام بلخصوص نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر محمد یونس گوندل، خواجہ محمد ادریس،شاہد سلیم،سپرنٹنڈنٹ جیل، ڈی او انڈسٹریز عماد الدین جتوئی، محکمہ صحت، ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، پولیس، انسپکٹر ایکسائز عصمت اللہ جتوئی، ہادی عالم ویلفیئر سوسائٹی کے ممبر چوہدری بوٹا عابد سمیت دیگر متعلقہ افسران و ممبران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد منشیات کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں منشیات کی آمد روکنے کے لئے منشیات سمگلروں،
ڈیلرز کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی اور منشیات سپلائی لائن کاٹ کر اسے روکا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو نشہ سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال کو روکنے کے لئے پولیس، انٹی نار کوٹکس فورس اور محکمہ ایکسائز پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائے جبکہ منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں میں ضلع کے تعلیمی اداروں بلخصوص یونیورسٹیز، کالجز اور سکولوں کے اطراف خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو پابند کریں کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں کی کنٹین اور اطراف میں موجود دکانوں، ریڑھیوں پر نظر رکھیں جبکہ پولیس بھی خصوصی اقدام کرتے تعلیمی اداروں کے اطراف موجود کاروباری مراکز اور ریڑھیوں پر نظر رکھیں
منشیات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔تعلیمی اداروں میں منشیات کے نقصانات بارے آگہی سیمینارز کرائے جائیں اور منشیات استعمال کرنے والے طالبعلموں کی نشاندہی کرتے ہوئے بحالی کے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ این جی اووز کی مدد سے تعلیمی اداروں میں طالبعلموں کے منشیات کے استعمال بارے ٹیسٹ کرنے کے سیشن منعقد کرائے جائیں اور سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے سٹوڈنٹس کے ٹیسٹ کئے جائیں۔اجلاس میں پولیس کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور رواں سال1500سے زائد مقدمات درج اور1300سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ممبر کمیٹی خواجہ ادریس نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف اور اندر خصوصی اپریشن کئے جائیں اور منشیات فروخت کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ایکسائز ٹیکسیشن آفیسر نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز کا انٹی نارکوٹکس سکواڈ منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کے ہمراہ کارروائیاں کر رہا ہے جبکہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل نے بتایا کہ جیل میں اسیران کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور عدالتوں میں تاریخ سے جیل واپس آنے والے قیدیوں کی جامع تلاشی کا ایک موثر نظام موجود ہے۔