رحیم یار خان ، محکمہ تحفظ ماحولیات کی کارروائی، آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والے بھٹہ خشت مسمار

98

رحیم یار خان۔ 20 نومبر (اے پی پی):محکمہ تحفظ ماحولیات رحیم یار خان نے آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والے بھٹہ خشت کو مسمار کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سورج کمار نے محکمہ ریونیو، پی ڈی ایم اے، پولیس، لوکل گورنمنٹ کے ہمراہ بھاری مشینری کی مدد سے پتن منارہ روڈ و دیگر نواحی علاقوں میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی اور ٹائر جلانے والے یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد مسمار کر دیئے۔

انہوں نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے پر بھٹوں و دیگر صنعتی یونٹس کو مسمار کرتے ہوئے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کی ہدایت پر ضلع بھر میں سموگ کا باعث بننے والے بھٹہ خشت اور صنعتی یونٹس کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ تما م صنعتی یونٹس مالکان اپنی فیکٹریوں میں ماحول دوست اقدامات کو یقینی بنائیں۔