لاہور۔29مارچ (اے پی پی):لاہور قلندرز نے معروف جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومینگو کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10کےلئے ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا،انہیں ڈیرن گف کی جگہ ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔لاہور قلندرز کے ترجمان کے مطابق سابق کوچ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر دستیابی سے معذرت کر لی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ رسل ڈومینگو ایک تجربہ کار کوچ ہیں جو اس سے قبل جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں،وہ اپنی شاندار حکمت عملی اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، ان کی تقرری لاہور قلندرز کے ویژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے ۔
رسل ڈومینگو نے کہا ہے کہ وہ لاہور قلندرز کے ساتھ 2025کے پی ایس ایل سیزن کا حصہ بننے پر بے حد پرجوش ہیں اورجلد کام شروع کرنے، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملنے سمیت پی ایس ایل سیزن کی تیاریوں کے آغاز کے منتظر ہیں، ہمیں اپنے پرجوش مداحوں کی بھرپور سپورٹ حاصل ہوگی اور میں لاہور قلندرز کی فتح کیلئے محنت کروں گا۔
لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ رسل ڈومینگو پی ایس ایل 10کے لیے ہمارے ہیڈ کوچ کے طور پر قلندرز فیملی میں شامل ہو رہے ہیں، ان کا بین الاقوامی سطح پر وسیع تجربہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ لاہور قلندرز کیلئے قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے جبکہ ان کی قیادت ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی اور ہم ان کے ساتھ ایک شاندار سیزن کے منتظر ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول فرنچائزلاہور قلندرز اپنا سفر 11اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اہم میچ سے شروع کرے گی،2022اور 2023میں مسلسل دو ٹائٹل جیتنے کے بعد قلندرز اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے تیسری تاریخی کامیابی کےلئے میدان میں اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت، متوازن سکواڈ اور پرجوش مداحوں کی حمایت کے ساتھ قلندرز اپنی مہم کا کامیاب آغاز کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577156