اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں رشکئی اقتصادی زون میں ابتدائی طور پر 50 ہزار سے زائد مقامی افرادکو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے جس سے علاقہ کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گااور اس سے مقامی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام کے مطابق رشکئی اقتصادی زون منصوبے کے آغاز سے ابتدائی طور پر 50 ہزار سے زیادہ مقامی افراد کو روزگار حاصل ہوگا اور ساتھ ساتھ اس انڈسٹریل زون کے آپریشنل ہونے سے مقامی صنعتوں کی ناگفتہ بہ حالت میں بھی سدھار آئے گا۔ حکام نے بتایاکہ صوبائی حکومت کے زیرانتظام صوبے کے مختلف اضلاع میں اس زون کے حوالے سے ہنر مند افراد پیدا کرنے کیلئے فنی تربیتی اداروں نے کام کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ سے خیبر پختونخوا و بلوچستان کے کم ترقی یافتہ علاقے ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے۔