رشکئی سپیشل اکنامک زون منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے50 ہزار بالواسطہ، لاکھوں بلاواسطہ مواقع میسر آئیںگے، حکام سی پیک اتھارٹی

137

اسلام آباد ۔ 14ستمبر(اے پی پی) رشکئی سپیشل اکنامک زون منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے تقریباً 50 ہزار بالواسطہ جبکہ لاکھوں بلاواسطہ مواقع میسر آئیںگے، جو وزیراعظم پاکستان کے 50 لاکھ ملازمتیں دینے کے وژن کی خاطر خواہ معاونت کرے گا۔سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام کے مطابق رشکئی سپیشل اکنامک زون کے تمام لوازمات کو حتمی شکل دے کر جلد کام شروع کرنے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے ٹائم لائن اور اس کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ رشکئی سپیشل اکنامک زون پر تیز رفتاری سے کام شروع کرنے کیلئے تمام تر معاملات کو جلد حتمی شکل دی جارہی ہے۔ حکام نے کہا کہ رشکئی صوبے کا وسط ہے اور موٹروے سے منسلک ہے اس لئے یہ منصوبہ پورے صوبے کیلئے یکساں اہمیت رکھتا ہے اور یہاں سے صوبے کے دیگر علاقوں کیلئے روزگار اور صنعتی ترقی کی راہیں ہموار ہوںگے۔ حکام نے کہا کہ صوبے میں رشکئی سپیشل اکنامک زون کے علاوہ حطار اکنامک زون اور ڈی آئی خان اکنامک زون پرتیز تر عمل درآمد سے معاشی احیا ہوگا۔ اس کے علاوہ صوبے کے مختلف اضلاع میں17 انڈسٹریل زون قائم کرنے کی منصوبہ بندی ہے جس سے صوبے کو صنعتی اور معاشی طورپر بہت تقویت ملے گی۔