رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی دو روزہ 19 ویں کانووکیشن تقریب اختتام پذیر

82
رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی دو روزہ 19 ویں کانووکیشن تقریب اختتام پذیر

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نہ صرف جدید تعلیم فراہم کرتی ہے بلکہ اسلامی اصولوں پر مبنی ایک جامع نظام کو بھی فروغ دیتی ہے، فارغ التحصیل طلبا اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام 19 ویں کانووکیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

دو روزہ تقریب اتوار کے روز جناح کنونشن سینٹر میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے طلبا اور اساتذہ کی تعلیم و تربیت کے لئے یونیورسٹی کی لگن پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نہ صرف جدید تعلیم فراہم کرتی ہے بلکہ اسلامی اصولوں پر مبنی ایک جامع نظام کو بھی فروغ دیتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے طلبا کی مالی مدد کے لئے سکالرشپ مختص کئے ہیں ، تعلیمی پروگراموں کو بہتر بنانے میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور ڈینز کا کلیدی کردار ہے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وائس چانسلر نے گریجویٹس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی عملی زندگی میں سیکھے گئے علم اور اقدار پر عمل کریں، اپنے والدین کی عزت کریں جنہوں نے ان کی کامیابی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ان کی مستقبل کی کوششوں میں تندہی سے کام کریں۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جنہوں نے ان کے بچوں کو علم حاصل کرنے اور روشن مستقبل کو محفوظ بنانے کے قابل بنایا۔ انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی سے معیاری تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان میں 25 لاکھ سے زائد بچے بنیادی تعلیم تک رسائی سے محروم ہیں۔

انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ آنے والے چیلنجوں کے لئے خود کو تیار کریں۔ وہ خوش قسمت ہیں کہ وہ ایک آزاد اور خود مختار ملک میں رہتے ہیں جو ان گنت قربانیوں کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے۔ انہوں نے طلبا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں جس کی دنیا تعریف کرے۔ ہفتہ کورفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے دو روزہ 19ویں کانووکیشن کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد تھے۔

رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر حسن محمد خان اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے افتتاحی خطاب میں یونیورسٹی کے وژن اور مشن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ایک منفرد مقصد کے ساتھ قائم کی گئی ہے ، اسلامی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے جدید تعلیم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں اپنے طلبا کو اعلی تعلیم کے لیے غیر ملکی یونیورسٹیوں میں بھیجنے پر فخر ہے اور انہیں عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی طرف سے پیش کردہ وظائف کا بھی ذکر کیا، جو طلبا کو مالی اعانت فراہم کرتے ہیں اور انہیں بغیر کسی رکاوٹ کے معیاری تعلیم حاصل کرنے کے قابل بناتے ہیں۔انہوں نے فارغ التحصیل طلبا کو مبارکباد دی۔

چانسلر ڈاکٹر حسن محمد خان نے کہا کہ آج کا دن ایک اہم موقع ہے، جو طلبا، والدین اور اساتذہ کی محنت سے حاصل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی قابل ذکر سنگ میل تک پہنچ چکی ہے اور ہمیں ایک بہتر مستقبل بنانے کے لیے اس کی ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلبا اور ان کے والدین دونوں کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔

پاکستان ٹیلنٹ سے مالا مال ہے، ہمارے طلبہ کسی سے کم نہیں ہیں۔ ایک بہتر معاشرے کی تعمیر کے لیے ہمیں سخت محنت اور لگن کی ضرورت ہے ۔انہوں نے فارغ التحصیل طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا مستقبل اور ہمارا فخر ہیں، ہم ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہیں، پاکستان کے مستقبل کو سنوارنے کی ذمہ داری اب آپ پر عائد ہوتی ہے۔

یہ دن نہ صرف خوشی کا دن ہے بلکہ اظہار تشکر کا دن بھی ہے۔ اس موقع پر میں طلبا ، والدین اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔تقریب کے اختتام پرگریجویٹس میں ڈگریاں اور ایوارڈز تقسیم کئے گئے ۔