قاہرہ۔4اپریل (اے پی پی):عرب لیگ کی کونسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب ہفتم کے تحت ایک قرارداد منظور کرے جس میں اسرائیل کو غزہ میں جنگ بند کرنے پر مجبور کیا جائے۔ العربیہ اردو کے مطابق عرب لیگ کی کونسل نے گزشتہ روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اپنے مندوبین کی سطح کے اجلاس میں قرارداد پیش کی جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب ہفتم کے تحت ایک قرارداد منظور کرے جس میں اسرائیل کو غزہ میں جنگ بند کرنے پر مجبور کیا جائے۔
عرب لیگ کی کونسل نے رفح میں کسی بھی اسرائیلی فوجی کارروائی سے خبردار کیا۔ رفح میں تقریباً 15 لاکھ پناہ گزین موجود ہیں۔ عرب لیگ کی کونسل نے اجلاس کے بعد ایک بیان میں اس بات کی بھی تصدیق کی کہ رفح پر حملے کو مجموعی طور پر عرب قومی سلامتی پر حملہ تصور کیا جائے گا، ایسا حملہ خطے میں امن کے مواقع کے خاتمے اور تنازعات کے پھیلاؤ کا باعث بنے گا۔ دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد عرب لیگ کی کونسل نے کہا کہ شام کو اپنی سرزمین کے دفاع کا حق حاصل ہے۔
عرب لیگ کونسل کے رکن ممالک کے مندوبین نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کی تعمیر نو میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور 17 ہزار یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور پرورش کے لیے ایک بین الاقوامی فنڈ قائم کرے اور اکیلے رہ جانے والے بچوں کو طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کرے۔ اپنی قرارداد میں عرب لیگ کی کونسل نے تمام ممالک ، پارلیمانوں، سول سوسائٹی، ٹریڈ یونینز اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون سے متعلق فیڈریشنز کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں پر صہیونی حکام کے خلاف فوری کارروائی کریں۔