رمضان افطار منصوبے کے تحت شیخ زاید گرینڈ مسجد، انڈونیشیا میں روزانہ 15 ہزار افراد کی میزبانی

169
رمضان افطار منصوبے کے تحت شیخ زاید گرینڈ مسجد، انڈونیشیا میں روزانہ 15 ہزار افراد کی میزبانی

سولو۔19مارچ (اے پی پی):زاید بن سلطان النہیان چیریٹیبل اینڈ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے زیرِ سرپرستی انڈونیشیا کے شہر سولو میں واقع شیخ زاید گرینڈ مسجد میں روزانہ 12 ہزار سے 15 ہزار مہمانوں کی میزبانی کی جارہی ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے "افطار پروجیکٹ” کے تحت منعقدہ یہ میزبانی ایک بڑی خیراتی مہم کا حصہ ہے۔

جس کا مقصد رمضان کے مقدس مہینے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ کھانے تقسیم کرنا ہے۔یہ اقدام مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے جذبہ سخاوت، یکجہتی اور ہمدردی کی روایات کو جاری رکھتے ہوئے انسان دوستی کے اصولوں کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔مسجد میں آنے والے زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے چار بڑے خیمے مسجد کے مختلف حصوں میں نصب کیے گئے ہیں۔

ان خیموں کا انتظام 120 سے زائد مقامی رضاکاروں اور یونیورسٹی طلبہ کے ذریعے کیا جا رہا ہے،اس کے علاوہ تنظیم کے زیر سرپرستی مسجد میں اسلامی لیکچرز، قرآن فہمی کے اسباق اور قرآن خوانی کے سیشنزاور "مزامیر القرآن” مقابلہ جات بھی منعقد کئے جا رہے ہیں ،بہترین قرآنی تلاوت کرنے والوں کو انعامات دیے جاتے ہیں۔

علاوہ ازیں، کلاسیکی اسلامی متون پر تعلیمی نشستیں، مختلف اہم شعبوں میں تربیتی کورسز، اور 19 رمضان کو "زاید ہیومینیٹیرین ڈے” کی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔زاید بن سلطان النہیان چیریٹیبل اینڈ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر محمد عتیق الفلاحی نے اس موقع پر کہا کہ یہ فاؤنڈیشن شیخ زاید بن سلطان النہیان کے فلاحی مشن کو جاری رکھتے ہوئے دنیا بھر میں یکجہتی، رواداری اور سخاوت کے اصولوں کو فروغ دے رہی ہے،یہ "افطار پروجیکٹ” 13 مختلف ممالک میں نافذ کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ضرورت مندوں کو امداد فراہم کرنا اور عالمی سطح پر خیراتی کاموں کو فروغ دینا ہے۔