اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی)انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدرویش نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک انسانیت کی تربیت، بھلائی اور برکت کا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالی اپنے بندوں کو درد مندی، اخلاص اور خدمت خلق کی تربیت دیتا ہے تاکہ دنیا کو دکھوں سے نجات دلائی جا سکے۔ انہوں نے یہ بات مختلف فیکلٹیز اور شعبہ جات کے دورے کے موقع پر اساتذہ اور طلباءسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر درویش نے اہل اسلام و پاکستان کے عوام، اہل علم اور ذمہ داران کو رمضان المبارک کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ماہ مبارک کی برکت سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مسائل حل فرمائے اور ترقی اور خوشحالی سے سرفراز فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک مسلمانوں کےلئے تربیت اور رہنمائی کا مہینہ ہے جس کا مقصد بنی نوع انسان کی بہتری اور بھلائی ہے، اہل اسلام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دین مبین کی تعلیمات کی روشنی میں دکھوں سے بھری ہوئی دنیا کو جنت کا نمونہ بنانے کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اس سلسلہ میں علمی اعتبار سے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔