26 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومعلاقائی خبریںرمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے ،گورنر...

رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے ،گورنر سندھ

- Advertisement -

کراچی۔ 30 مارچ (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اتحاد رمضان المبارک کے تحت منعقدہ 28ویں افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے۔ اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر ہائوس کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ یہاں نہ صرف تراویح کا اہتمام کیا گیا بلکہ اس بار متعدد افراد نے مسجد میں اعتکاف بھی کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ان کی کوشش ہمیشہ یہی رہتی ہے کہ عوام کی میزبانی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور گورنر ہائوس ہر طبقے کیلئے کھلا رہے، یہاں معذور، بیمار، ہندو، عیسائی اور سکھ برادری کے افراد بھی آتے ہیں جو باہمی اخوت اور یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے پیر حسان حسیب الرحمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں اسلام کی تبلیغ کر رہے ہیں اور ان کے چاہنے والے پوری دنیا میں موجود ہیں۔

- Advertisement -

اس موقع پر پیر حسان حسیب الرحمن نے افطار ڈنر کے شرکاء سے کہا کہ رمضان المبارک میں گورنر ہائوس آکر خوشی ہوئی کہ گورنر سندھ اپنی خدمات کے ذریعے عوام کے دلوں میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول کریم ۖ نے فرمایا کہ جو کسی روزہ دار کو افطار کرائے گا، اسے ایک روزے کا اجر ملے گا اور گورنر سندھ نہ صرف راشن تقسیم کر رہے ہیں بلکہ لوگوں کو خود کفیل بنانے کی راہ بھی دکھا رہے ہیں۔

ان کی کاوشوں سے نوجوان زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں اور وہ ہر وقت عوام کے لیے فکر مند نظر آتے ہیں۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی میزبانی میں ہونے والے اس روح پرور افطار ڈنر میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں ایران، عراق اور عمان کے قونصل جنرلز ، پیر حسان حسیب الرحمن، مدینہ منورہ سے آئے بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ قاری سعد نعمانی مدنی، ایڈیشنل آئی جی جاویدعالم اوڈھو اور سابق صوبائی وزیر مبین جمانی بھی موجود تھے۔اس موقع پرگورنر سندھ نے 40بچوں کو روزہ کشائی پر ہار پہنائے اور تحائف دیے۔ اتحاد رمضان المبارک کے شرکاء کے لیے معروف قوال افضل صابری نے اپنی پرفارمنس پیش کی، جس سے محفل میں روحانی کیفیت پیدا ہوگئی۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے کی برکتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹنے کی کوشش کرنی چاہیے اور عید کے موقع پر بھی ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔گورنر ہائوس میں اتحاد رمضان المبارک کے تحت منعقدہ 28ویں افطار ڈنر کے شرکاء کے درمیان مختلف انعامات کی قرعہ اندازی کی گئی، جس میں خوش نصیب افراد کا اعلان کیا گیا۔

قرعہ اندازی کے دوران 120 گز کے پلاٹ کے لیے قرعہ ایران اور عراق کے قونصل جنرلز اور مفتی نعمان نعیم نے نکالا، جس میں احمد محبوب خوش نصیب قرار پائے۔ اسی طرح عمرے کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی عمان کے قونصل جنرل اور ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کی، جس میں سمیعہ درویش کا نام نکلا۔اس سے قبل ہونے والی قرعہ اندازی میں 120 گز کے پلاٹ کے فاتح امداد سومرو کو ان کا پلاٹ کی فائل باقاعدہ طور پر فراہم کی گئی۔

اتحاد رمضان المبارک کے سلسلے میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے منعقدہ یہ افطار ڈنر ہزاروں شرکاء کی میزبانی کر رہا ہے، جہاں روزانہ قرعہ اندازی کے ذریعے مختلف انعامات تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577447

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں