اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور مسلم اُمہ کو مبارکباد پیش کرتےہوئے کہا ہے کہ ماہ مقدس رحمتوں اور برکتوں کامہینہ ہے ،دنیا بھر کے مسلمان اس مہینے میں دن اور رات اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے عبادات میں مصروف رہتے ہیں تاکہ دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکیں،یہ اللہ تعالی کا ہم سب پر خاص فضل وکرم ہے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا، اللہ تعالیٰ نے ہمارے اندر تقویٰ و پرہیز گاری پیدا کرنے کیلئے رمضان کے روزے فرض کیے، اس ماہ کے تین عشروں کو بالترتیب رحمت، مغفرت اور جہنم کی آگ سے خلاصی کا ضامن قراردیا گیا ہے،
روزے ہم پر اس لئے فرض کئے گئے ہیں تاکہ ہمارے اندر تقویٰ پیدا ہو، روزہ انسان کو تمام ایسے کاموں سے دور رہنے کی تلقین کرتا ہے جو اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا سبب بنیں، روزہ ایک عبادت ہونے کے ساتھ ساتھ اخلاقی نظم وضبط کی تربیت کا نام ہے،روزہ ایک جسمانی زکوٰۃہے اور یہ دوسروں کا احساس دلانے کا درس بھی دیتا ہےیہی وجہ ہے ماہِ مبارک میں ایثار، قربانی اور صبر کا عملی مظاہرہ دیکھنے کا ملتا ہے۔
جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے رمضان المبارک کی آمدکے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ انفرادی اور اجتماعی طور پرکامیابی کا دارومدار نظم و ضبط اور درست سمت کے تعین و پیروی پر منحصر ہوتاہے،اپنی زندگیوں اور معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے ہمیں اپنے طرزِ عمل کو اسلامی تعلیمات و اُصولوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی راہ ہمارے دین نے دکھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفرادی طور پر جہاں ہمیں نظم و ضبط، قوانین کی پاسداری اور خود احتسابی کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر اپنی منزل کے حصول کی طرف آگے بڑھنا ہے و ہیں قومی سطح پر ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق، صبر وتحمل، مساوات، رواداری اور مثبت سوچ جیسے اعلیٰ اوصاف اختیارکرنے کی ضرورت ہے،ان اعلیٰ اخلاقی اقدار کو ہماری زندگی میں شامل کرنے میں روزہ بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ماہِ مبارک میں غربا اور مستحقین کی زیادہ سے زیادہ مالی اعانت کریں تاکہ غریب لوگ اس ماہ ِ کی فضیلت اور برکتوں سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں پابندی سے روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اوراس ماہ مبارک کی برکت سے وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مدد فرمائے- اللہ تعالی ہم سب کا حامی وناصر ہو، آمین۔پاکستان پائندہ باد۔