رمضان المبارک میں اتحاد رمضان کے تحت 10لاکھ افراد افطار کریں گے، گورنرسندھ

143
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

کراچی۔ 08 فروری (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ اس رمضان المبارک میں اتحاد رمضان کے تحت تاریخ کا سب سے بڑا دستر خوان لگائیں گے جہاں پر 10لاکھ افراد افطاری کریں گے، اس میں شہداءکے اہل خانہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد رمضان کے تحت عمرہ کے ٹکٹس، پلاٹس، لیپ ٹاپس سمیت کروڑوں روپے کے انعامات قرعہ اندازی کے ذریعہ تقسیم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے لوگوں کو دعوت دیتاہوں کہ وہ گورنرہائوس آکر افطار کریں۔انہوں نے کہا کہ اس رمضان المبارک میں گورنرہائوس میں تاریخ کا سب سے بڑا اسٹیج بھی بنائیں گے جبکہ 15ممالک سے قرآت ، نعت خوانی کے لئے مفتیان کرام اور نعت خواں آئیں گے ، اس کے علاوہ گورنرہائوس میں تراویح کا بھی خصوصی انتظام ہوگا ، مدینہ شریف سے عالم دین تراویح پڑھانے آئیں گے۔ نعت ، قوالی اور اذکار کی محافل بھی منعقد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلا روزہ رکھنے والے بچوں کے والدین گورنرہائوس میں رجسٹریشن کرادیں کیونکہ پہلا روزہ رکھنے والے بچوں کے لئے خصوصی ٹیبل ہوگی وہ میرے ساتھ افطار کریں گے۔انہوں نے متحدہ اراکین اسمبلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں دستر خوان لگائیں اورافطار اور ڈنر کا خصوصی اہتمام کریں۔

گورنرسندھ نے کہا کہ رمضان المبارک میں عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام میں پیار و محبت عام کرنا چاہتا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ آئی جی سندھ اور ڈی آئی ٹریفک ڈمپر حادثات کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات کریں۔