وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس

120
احسن اقبال
یہاں بہت سے لوگ میرٹ کا راگ آلاپتے رھے مگر جب میرٹ کی بات آئی تو انکا انتخاب عثمان بزدار تھا۔ احسن اقبال

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ رمضان المبارک میں استعمال ہونے والی میں اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے بالخصوص آٹے کی بروقت ترسیل کے لئے ایک جامع پیشگی منصوبہ بندی کریں تاکہ ملک میں کسی قسم کا بحران پیدا نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں تمام صوبوں کے اعلیٰ حکام، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، ادارہ شماریات اور وزارت فوڈ سیکورٹی اینڈ انڈسٹریز کے حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے تمام صوبوں کے حکام کو وزارت خوراک کے ساتھ فوری طور پر ایک اجلاس بلانے کی ہدایت جاری کی تاکہ ملک بھر میں گندم کی پیداوار اور اس کی بروقت ترسیل کا بروقت جائزہ لیا جا سکے تاکہ عوام کو رمضان المبارک میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں ادارہ شماریات کے حکام نے اشیاء خوردنوش کی قیمتوں کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی جبکہ پنجاب، کے پی، سندھ اور بلوچستان کے نمائندوں نے گندم اور چینی کی موجودہ پیداوار اور سپلائی کے حوالے سے فورم کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ وہ قیمتوں کی کڑی نگرانی کریں جبکہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مارکیٹ میں اشیاء کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے بالخصوص وہ اشیاء جن کا رمضان کے مہینے میں زیادہ استعمال ہوتا ہے۔وفاقی وزیر نے ادارہ شماریات کو ہدایت جاری کی کہ وہ گزشتہ تین سالوں میں مختلف اشیاء کی قیمتوں کی تفصیلی رپوٹ مرتب کریں تاکہ سپلائی اور ڈیمانڈ کا ایک موثر جائزہ لیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں زیادہ اضافہ پر وفاقی وزیر نے تحفظات کا اظہار کیا اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فوری طور پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی جبکہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے متعلقہ علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو موثر کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے میں بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔