فیصل آباد۔ 07 مارچ (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( فیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئرمحمد عامر کی ہدایت پر رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ صارفین ماہ مقدس میں اپنی عبادات خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کر سکیں۔
فیسکو ترجمان انجینئرمحمد سعید رضانے اے پی پی کو بتایا کہ فیسکو کے تمام148سب ڈویژنوں میں سحر،افطار اور تراویح کے اوقات میں صارفین کو مسلسل بجلی سپلائی کی جا رہی ہے جس کی مانٹیرنگ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامرخود ڈسٹری بیوشن کنٹرول سنٹر میں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیسکو کی تمام سب ڈویژنز میں اضافی ٹرانسفارمرز مہیا کر نے کے علاوہ ٹرانسفارمر ٹرالیاں اور دیگر سامان بھی مہیا کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بجلی کی فوری بحالی ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ صارفین بجلی اپنی شکایات کا اندراج فیسکو سمارٹ ایپ، ہیلپ لائن نمبر118، ٹال فری نمبر 0800-66554 اور بذریعہ ایس ایم ایس 8118پر بھی کروا سکتے ہیں جس کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔