اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران چینی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں، 27 رمضان تک سٹالز پر چینی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں چینی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور عوام تک اس کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کئے گئے۔
تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی کہ وہ میونسپل سطح پر چینی کے سٹالز قائم کریں تاکہ عوام کو آسانی سے چینی فراہم کی جا سکے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ میں صوبائی حکومت کے تعاون سے 230 شوگر اسٹالز لگائے جائیں گے،خیبرپختونخوا میں چینی کی فروخت کے لئے 405 سیلنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، پنجاب اور بلوچستان میں بھی چینی کے سینکڑوں سٹالز لگائے جائیں گے۔صوبائی حکومتوں کو میونسپل سطح پر سکیورٹی، صفائی اور ہجوم کے انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ 27 رمضان تک سٹالز پر چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی حکومت کسی بھی ممکنہ مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔میونسپل سطح پر سٹالز قائم کرنے کا مقصد عام لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔پی ایس ایم اے اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ غریبوں تک چینی کی رسائی یقینی بنائیں۔
سٹالز پر چینی 130 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو گی۔یہ اقدامات رمضان المبارک کے دوران چینی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کا عزم ہے کہ کسی بھی ممکنہ قلت یا مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔