اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ آپس میں محبت، بھائی چارے، صبر و تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے، ماہ صیام میں اللہ پاک ہمیں اپنی بے پناہ نعمتوں سے نوازتا ہے جن کا ہم جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مسلم اُمہ خصوصاً پاکستانی قوم کو ماہ صیام کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ماہ صیام میں روزے رکھنے سے ہمارے اندر معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقے کے لئے ہمدردی اور قربانی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنے کا مہینہ ہے۔انہوں نے رحمتوں اور برکتوں بھرے اس ماہ میں مسلمانوں کو کھلے دل سے اپنے نادار اور حاجت مند بھائیوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ماہ رمضان ہمیں نیکی اور اعتدال پسندی کی راہ پر چلنے کا سبق دیتا ہے جو معاشرے میں بھلائی کے فروغ اور بدی کے خاتمے کا راستہ ہے۔انہوں نے اس موقع پر مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ غریب اور مستحق افراد کی دل کھول کر امداد کریں تاکہ وہ بھی ماہ صیام میں یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات کر سکیں۔
انہوں نے اس مبارک ماہ میں وطنِ عزیز کی ترقی اور ہم وطنوں کی خوشحالی اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم شہریوں کو اپنی خصوصی دعاوں میں شامل کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے عالم اسلام کو رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں تقوی اختیار کرنے اور صبر و برداشت کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے اس مبارک ماہ میں آپس کے اختلافات بھلاکر بھائی چارے کو فروغ دینے اور اپنے اردگرد موجود مستحق افراد کی بھرپور طریقے سے مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ماہ صیام کے دوران قوم کو ملک کی تعمیر و ترقی ،عالم اسلام کی مظبوطی اور کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگنے کی اپیل کی۔