رمضان المبارک کے دوران بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے ،ڈی پی او ڈیرہ غازی خان

263
Ramadan Mubarak

ڈیرہ غازی خان۔ 14 مارچ (اے پی پی):ڈی پی او ڈیرہ غازی خان احمد محی الدین نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں فرزندان اسلام کو فول پروف سکیورٹی اور بھر پور تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

جمعرات کو جاری بیان میں ڈی پی او نے کہا کہ رمضان المبارک میں عبادت گاہوں ، مساجد اور امام بارگاہوں پر فول پروف سیکیورٹی اور تحفظ فراہم کرتے ہوئے 700 سے زائد پولیس اہلکاران اور پولیس کے ہمراہ ویلنٹئیرز اپنے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سحر اور اوفطار کے اوقات میں پولیس کی نفری گشت کناں رہے گی، داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب رمضان احترام آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور نقص امن کا باعث بننے والے عناصر سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈی پی او نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے لئے ممبران امن کمیٹی ممبران بھر پور کردار ادا کریں اور عوام کو پر امن ماحول فراہم کر نے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فرائض انتہائی بہادری اور جذبہ حب الوطنی سے شر شار ہو کر انجام دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس اور ڈولفن پولیس موبائلز کے دستے مسلسل گشت کناں ہوں گے جبکہ شہر بھرکے بازاروں اور زیادہ رش والے مقامات پرضلع پولیس کی ڈیوٹی کے علاوہ ٹریفک کا نظام رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جنہیں اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری سے سر انجام دینے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام بھی اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھتے ہوئے مشکوک اور شر پسند کے بارہ میں اطلاع ریسکیو15،مقامی پولیس اسٹیشن یا ضلع کنٹرول روم کے فون نمبر0649269113 پر دے کر محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں۔