رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی،اسرائیل صورتحال کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے، اردن

124
Jordanian Foreign Minister Ayman Safadi
Jordanian Foreign Minister Ayman Safadi

عمان ۔12مارچ (اے پی پی):اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے رمضان المبارک کے دوران اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل صورتحال کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے۔اردو نیوز کے مطابق اردن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ میں رسائی کو محدود کرنے کے اسرائیل کے اعلان کردہ اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے ویٹیکن کے وزیر خارجہ آرچ بشپ پاؤل گیلاگھر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم خبردار کرتے ہیں کہ مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کرنا آگ سے کھیلنا ہے،اردن فلسطینیوں کے اس موقف کی حمایت کرتا ہے کہ غزہ میں پہلے ہی جنگ اور بھوک کا سامنا کرنے والے مسلمانوں پر اس طرح کی پابندیاں عائد کرنا عبادت کی آزادی پر حملہ ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ رمضان المبارک میں نمازیوں کو اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے کی اجازت نہ دینا اور مسجد اقصیٰ میں داخلے کی آزادی کو محدود کرنا یہ سب صورتحال کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے جس کے بارے میں ہم خبردار کر رہے ہیں۔

انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں عرب سرزمین پر یہودی آباد کاری کے حوالے سے بھی خبردار کیا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایسے وقت میں آیا ہے جب غزہ میں فلسطینی بھوک سے مر رہے اور اسرائیل خوراک کو جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے بچوں کے لیے خوراک تلاش کرنے سے قاصر ہیں، 5ماہ گزر گئے اور دنیا انسانی وقار و احترام کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے۔