رمضان المبارک ہمدردی، بھائی چارے اور دوسروں کی مدد کرنے کا مہینہ ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

76

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے رمضان المبارک کی آمد پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمدردی، بھائی چارے اور دوسروں کی مدد کرنے کا مہینہ ہےاور ہمیں اللہ سے قریب ہونے اور نیکیاں کمانے کا ایک سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔ ماہ مقدس میں ناداروں اورضرورتمندوں کی حاجت روائی ایک اہم فریضہ ہے۔

رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد قوم کے نام پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں قرآن پاک نازل کیا گیا جو انسانوں کیلئے ہدایت و رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ اس مقدس مہینے میں دنیا بھر کے مسلمان اللہ تعالی کے حضور گڑ گڑ ا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں اور ذات باری تعالی سے رحمت و نعمت کے طلب گار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رحمتوں کے اس مہینے میں مسلمان کھلے دل سے اپنے مسکین اور حاجت مند بھائیوں کی مدد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مہربان اور رحمت کرنے والا ہے اور اپنی مخلوق کی خدمت کرنے والوں کو عزیز تر رکھتا ہے اور ان کے لیے رحمتوں و برکتوں کے بے شمار دروازے کھول دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں روزے رکھنے سے ہمارے اندر معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقے کے لیے ہمدردی اور قربانی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رمضان ہمیں نیکی اور اعتدال پسندی کی راہ پر چلنے کاسبق دیتاہے جو معاشرے میں بھلائی کے فروغ اور بدی کے خاتمے کا راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان انتہا پسند اور معتصب گروہوں کو رد کرتے ہیں جو مذہب کی آڑ میں دہشتگردی اور فساد فی الارض میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مخصوص ذہنیت نے ایک پر امن مذہب اور اس کے پیروکاروں کو بدنام کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ان شر پسند عناصر کے خلاف متحد ہونا ہو گا جو اپنے ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لیے مذموم سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ یہ بابرکت مہینہ پوری دنیا میں امن و سلامتی کو بحال کرنے کا باعث بنے اور اس ماہ مقدس میں مسلم امہ کے درمیان غلط فہمیوں،فرقہ ورانہ تعصب اور بدامنی کا مکمل خاتمہ ہو۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک برس سے کورونا وباء کے باعث پوری دنیا کے انسان موذی مرض سے نبردآزما ہیں جس سے لاکھوں انسان اپنی زندگیوں سے محروم ہو چکے ہیں اور کروڑوں افراد کے روزگار تباہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس وباء سے متاثرہ افراد کی دل کھول کر مدد کریں اور اپنی زکوة و عطیات اور خیرات ان لوگوں پر خرچ کریں۔ انہوں نے پوری قوم سے اس مبارک مہینے میں کورونا وباء سے نجات کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

اسپیکر نے عوام پر زور دیا کہ وہ پنجگانہ نماز کی ادائیگی اور تراویح کے دوران کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے امام مساجد پر زور دیا کہ وہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور اس وباء سے بچاؤ کی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کورونا وبا کا جلد خاتمہ ہوگا اور حالات بہت جلد معمول پر آ جائیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے قوم کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالی کی عطا کردہ بے شمار نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے۔یہ مہینہ ہمیں اللہ تعالی سے رحمت طلب کرنے اور اپنے گناہوں سے معافی مانگنے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے عوام سے ماہ صیام کے دوران کورونا وباء سے چھٹکارے کے لیے خصوصی دعاوں کی اپیل بھی کی۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی صحیح معنوں میں فضیلت اور برکات حاصل کرنے کے لیے ہمیں اپنے متوسط طبقات کو نہیں بھولنا چاہیے۔انہوں نے یہ دعا بھی کی کہ اللہ تعالی اس ماہ رمضان کے طفیل ہمارے گناہوں کو بخش دے اور ہمیں ثابت قدمی سے روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔