روئی کی فی ہیکٹر پیداوار میں 2.84 فیصد کمی

107
cotton ratio

اسلام آباد ۔ یکم جون (اے پی پی)گذشتہ پانچ سال کے دوران روئی کی فی ہیکٹر پیداوار میں 2.84 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ مالی سال2013-14ءکے دوران پیداوار774 کلوگرام فی ہیکٹر رہی تھی جو مالی سال2017-18ءکے دوران752 کلوگرام فی ہیکٹر تک کم ہوگئی ہے۔ اس طرح پانچ سال کے دور ان روئی کی پیداوار میں 22 کلوگرام فی ہیکٹر یعنی2.84 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کراچی کاٹن بروکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نسیم عثمان نے کہا ہے کہ روئی کی فی ہیکٹر پیداوار میں کمی کے باعث برآمدات کی مد میں قومی خزانے کو350 ملین ڈالر کے قریب سالانہ خسارہ کا سامنا کرنا پڑا ہے جو مالی سال 2017-18ءکے دوران روئی سے منسلک مجموعی قومی برآمدات کے 3 فیصد کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کے زیرکاشت رقبہ اور فی ایکڑ پیداوار میں کمی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کےلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں تاکہ برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے اور اس کے ساتھ ساتھ کپڑے کی صنعت کےلئے خام مال کی دستیابی کوبھی یقینی بنایا جاسکے۔