روات کے علاقہ میں گاڑی چوری کرنے والے خطرناک کار لفٹر گینگ کے ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ

132
Punjab Police
Punjab Police

راولپنڈی۔6جولائی (اے پی پی):روات کے علاقہ میں گاڑی چوری کرنے والے خطرناک کار لفٹر گینگ کے ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، ملزمان کی اپنی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، ملزمان سے تھانہ روات کے علاقہ سے چوری ہونے والی گاڑی اور اسلحہ برآمد ہوا، ہلاک ڈاکو کار چوری کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھا ،

ترجمان پولیس کے مطابق روات پولیس نے گاڑی چوری کی روک تھام کے لیے خصوصی ناکہ بندی کر رکھی تھی، دوران ناکہ بندی مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا تو ملزمان نے وارث خان کے علاقہ میں دوبارہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، ملزمان کی اپنی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ایک ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا،

واقعہ کی اطلاع پر سینئر افسران نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے، ہلاک ڈاکو کی شناخت عدنان جبکہ زخمی ڈاکو کی رمضان کے نام سے ہوئی، نعش کو پوسٹمارٹم جبکہ زخمی کو علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، ملزمان سے تھانہ روات کے علاقہ سے چوری ہونے والی گاڑی اور اسلحہ برآمد ہوا، ہلاک ڈاکو کار چوری کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھا، فرار ڈاکو کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچنگ کی جا رہی ہے،

سی پی او سید خالد ہمدانی نے روات پولیس کو بہادری سے خطرناک کار لفٹر گینگ کا مقابلہ کرنے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے، پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔