36.6 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںروانڈا کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا...

روانڈا کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ،تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):جمہوریہ روانڈا کی سینٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزیدبہتر بنانے کے امور پر تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ روانڈا کی خارجہ امور کی کمیٹی کی چیئرپرسن سنیٹر ر مرنگوا ندنگیزا حدیدجا ہ ، روانڈا کے سفیر جیمز کیمونیو، پاکستان میں روانڈا کے اعزازی قونصل جنرل فاروق اے خواجہ اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

سنیٹر ذیشان خانزادہ بھی وفد کے ہمراہ تھے۔آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے روانڈا کی سینٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر نے کہا کہ روانڈا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات بہتر راستے پر گامزن ہیں اور ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور آئی سی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر بات چیت کر رہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری روانڈا کا دورہ کر کے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے کیونکہ روانڈا کاروبار کیلئے ایک پرکشش ملک ہے۔روانڈا کے سفیر جیمز کیمونیو نے کاروباری برادری کو روانڈا میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے زیرو امپورٹ ٹیرف، ٹیکس کی چھوٹ اور ون سٹاپ شاپ کی سہولت سمیت دیگر جامع اصلاحات سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری روانڈا میں کان کنی، مینوفیکچرنگ، توانائی، زراعت اور فنانشل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کرے ۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا پاکستان میں اپنا ایک مکمل سفارتخانہ کھولنے پر غور کر رہا ہے جس سے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وفد کو سپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بریفنگ دی جو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولت فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی زیر نگرانی یہ کونسل چین اور عرب ممالک سے اچھی خاصی سرمایہ کاری حاصل کر رہی ہے ،روانڈا کے سرمایہ کار بھی اس کونسل کی خدمات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے کوششیں تیز کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا باہمی تجارت کو بہتر بنانے کے لیے ترجیحی تجارت کا معاہدے کریں ۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولے جو دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے تجارتی وفود کا باقاعدگی کے ساتھ تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کو ٹیکسٹائل، چاول، فارماسوٹیکلز ، سرجیکل اور طبی آلات، سیمنٹ اور پراسیس فوڈ سمیت اپنی متعدد مصنوعات برآمد کر سکتا ہے لہذا روانڈا پاکستان سے اپنی درآمدات میں اضافہ کرنا چاہئے۔

سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ روانڈا کاروبار کے لئے بہت اچھا ملک ہے اور پاکستان کا نجی شعبہ روانڈا میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا کے ساتھ ترجیحی تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے آئی سی سی آئی سے بھی تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنا ایک وفد روانڈا لے جانے پر غور کر رہا ہے تا کہ وہاں کی مارکیٹ میں کاروبار اور برآمدات کے مواقع تلاش کئے جائیں۔

سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان براہ راست فضائی روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے عوامی اور کاروباری تعلقات کومزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔پاکستان میں روانڈا کے اعزازی قونصل جنرل فاروق اے خواجہ نے دونوں ممالک کے درماین باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر روشنی دالٹی اور ان رکاوٹوں کا ذکر کیا جن کو حل کر کے پاکستان اور روانڈا کے درمیان کاروبار میں بہتر اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ وفد نے آئی سی سی آئی کے اراکین کے ساتھ بی ٹو بی ملاقاتیں بھی کیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=407183

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں