لاہور۔7دسمبر (اے پی پی):پنجاب پولیس کے 1787 کمپلینٹ سنٹر کے سائلین کے مسائل کی داد رسی کیلئے اقدامات جاری ہیں،رواں سال اب تک 1787 کمپلینٹ سنٹر پر موصول96 فیصد سے زائد شکایات کو حل کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف اختیارات سے تجاوز، ناقص تفتیش ودیگر خلاف ورزیوں کی1 لاکھ 32 ہزار شکایات حل کردی گئیں،
اسی طرح مقدمات کے اندراج کی 56 ہزار سے زائد شکایات،سست تفتیش کی 39 ہزار سے زائد، پولیس سروسز سے متعلق 6 ہزار، محکمانہ معاملات سے متعلق 11سو سے زائد، ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 15ہزار سے زائد، ناقص تفتیش کی 8 ہزار سے زائد، جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 3 ہزار 500اور تبدیلی تفتیش سے متعلق 2 ہزار سے زائد شکایات حل کی گئیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کمپلینٹ سنٹر پر موصول داد رسی کے ذریعے 1300 سے زائد اغوا کاروں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں،اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سائلین پولیس اہلکاروں کےخلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں 1787 کمپلینٹ سنٹر پر بلا جھجھک رابطہ کریں،شہریوں کی جانب سے موصول شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ1787 کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی زیادہ موثر بنانے کیلئے مانیٹرنگ مزید فعال کی گئی ہے، ڈی پی اوزکمپلینٹ سسٹم پر موصول شکایات کے فوری ازالے کے لئے معاملات کی خود مانیٹرنگ کریں۔