سوات۔ 27 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کے اندر اور باہر میرٹ کی بنیاد پر 15 لاکھ تک نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، نوجوان گھر کی دہلیز پر سہولیات اور خدمات کے حصول کےلیے وزیراعظم کے ڈیجیٹل پورٹل پر اپنا اندراج کرائیں۔ اتوار کو سوات کی تحصیل مٹہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ، وظائف اور باعزت ملازمتیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر نوجوانوں کو بغیر سود کے قرضوں پر لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ لیپ ٹاپ، ملازمتوں اور دیگر سہولیات کےلیے وزیراعظم کے ڈیجیٹل پورٹل پر اپنا اندراج کرائیں۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر انہوں نے عوام کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف شہروں اور یونیورسٹیوں کے دورے شروع کر دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے 14 اگست 1947 ءکو ہمارے بزرگوں کی انتھک جدوجہد کے بعد پاکستان بنایا اور مسلم لیگ (ن) اسے معاشی اور مالی طور پر مضبوط تر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سخت چیلنجز کے باوجود وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی معیشت کو دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن کر دیا ہے اور پالیسی ریٹ، بے روزگاری، غربت، مہنگائی، پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں اور افراط زر میں نمایاں کمی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے 28 مئی 1998 ءکو چاغی بلوچستان میں کامیاب ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارت کو پاکستان پر میلی نظر ڈالنے کی جرات نہیں ہو سکتی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مغربی دریاؤں کے پانی پر پاکستان کے حقوق کو عالمی بینک کے ضمانت کردہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت نے تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس ہمارے پانی کو روکنے کا کوئی جواز باقی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں 12 سالہ حکومت کے باوجود عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2029 کے انتخابات جیتنے کے بعد خیبر پختونخوا کے عوام کے طویل عرصے سے چلے آرہے احساس محرومی کو دور کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں رمضان پیکج کے تحت لاکھوں روپے سیاسی بنیادوں پر تقسیم کیے گئے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا رمضان پیکج کے تحت ادائیگیوں کی تقسیم میں اقربا پروری نے لاکھوں مستحق اور غریب افراد کو محروم کر دیا ہے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ملک کا مستقبل ایک تعلیم یافتہ نوجوان نسل سے وابستہ ہے جو مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588567